ڈی پی او چکوال احمد محی الدین کے انٹرویوز پر پابندی، صحافی برادری سراپا احتجاج
میڈیا سے مؤقف لینے کے لیے آئی جی پنجاب کی اجازت لازمی قرار
مقبول اور دبنگ افسر کی آواز دبانا عوامی مفاد کے منافی قرار
چکوال (ساجد بلوچ / کرائم رپورٹر)
چکوال کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیفٹیننٹ (ر) احمد محی الدین پر میڈیا انٹرویوز کی پابندی نے صحافی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب کوئی بھی صحافی ڈی پی او چکوال سے کسی بھی مسئلے پر مؤقف لینے یا انٹرویو کرنے سے قبل آئی جی پنجاب آفس سے پیشگی اجازت لینے کا پابند ہوگا ۔ لیفٹیننٹ (ر) احمد محی الدین اپنی جرات مندانہ فیصلوں، فوری ایکشن اور عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی کی وجہ سے نہ صرف چکوال بلکہ پورے پنجاب میں مقبول ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص ٹک ٹاک اور فیس بک پر ان کی کارکردگی سے متعلق ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جبکہ سرحد پار بھی انہیں سراہا جا رہا ہے۔ ادھر چکوال کے نجی چینلز سے وابستہ صحافیوں نے اس پابندی کو آزادی صحافت کے منافی قرار دیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے فوری اصلاح احوال اور پابندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک مؤثر اور مقبول پولیس افسر کی آواز عوام تک پہنچنے سے روکنا عوامی مسائل کو دبا دینے کے مترادف ہے۔ صحافی برادری نے کہا کہ شفاف پولیسنگ اور عوامی اعتماد کے لیے اظہارِ رائے اور معلومات تک رسائی ناگزیر ہے۔