فیصل آباد: ایڈن ویلی میں 10 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق
فیصل آباد کے معروف علاقے ایڈن ویلی میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں محض 10 سالہ گھریلو ملازمہ عالیہ مبینہ طور پر اپنے ہی مالکان کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہار گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق عالیہ کئی ماہ سے ایک گھر میں کام کر رہی تھی، جہاں اسے نہ صرف سخت کام کرایا جاتا تھا بلکہ وقفے وقفے سے تشدد بھی کیا جاتا تھا۔ واقعے کے روز تشدد اس قدر شدید تھا کہ بچی جانبر نہ ہو سکی۔
بچی کی لاش کو گھر میں چھوڑ کر مالک میاں بیوی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی کارروائی کی گئی اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جب کہ اس کی اہلیہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی تشدد کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ واقعہ معاشرے میں کمسن ملازمین کے استحصال اور تشدد جیسے سنگین مسائل کو اجاگر کرتا ہے۔
انسانی حقوق کے نمائندوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے اور گھریلو ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور تحقیقات جاری ہیں۔
اللہ کرے پولیس انصاف کے تقاضوں کو پورا کرے اور اس پھول جیسی بچی کو انصاف ملے اور مجرموں کو سخت سزا ملے تاکہ لوگ عبرت حاصل کریں