عید قرباں پر صفائی، سلامتی اور خدمت کی شاندار مثال، ضلعی انتظامیہ چکوال اور تمام ادارے خراج تحسین کے مستحق
urduturn.com | نمائندہ اردو ٹرن: راجہ تنویر حیدر | 9 جون 2025
عید الاضحیٰ کے بابرکت موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم پنجاب ایم پی اے چوہدری حیدر سلطان کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ چکوال کی جانب سے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی، صحت، سلامتی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک منظم مؤثر اور قابلِ ستائش مہم جاری رکھی گئی۔
عید کے تینوں دن شہر، دیہات اور شاہراہوں کو قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے فی الفور صاف کیا گیا تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس شاندار مہم میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کمیٹی چکوال نے مرکزی کردار ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بلال بن عبدالحفیظ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شہاب اسلم اور اسسٹنٹ کمشنر چکوال ذیشان شریف قیصرانی کی قیادت اور نگرانی میں صفائی نگرانی اور فوری کارروائیوں کا سلسلہ بخوبی جاری رہا۔ سی او بلدیہ فیاض ہاشمی، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینیجرز اور یونین کونسلز کے سپروائزرز نے بھی قابلِ تعریف کردار ادا کیا۔
ریسکیو 1122، ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف، ٹریفک پولیس چکوال کے ڈی ٹی او راجہ محمد سرفراز اور بالخصوص ڈی پی او لیفٹیننٹ (ر) احمد محی الدین کی قیادت میں پولیس نے مثالی انداز میں امن و امان، ٹریفک اور سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔
ان تمام اداروں کے افسروں و اہلکاروں کو معززین علاقہ کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے عید کے تینوں دن اپنے گھروں سے دور عوامی خدمت کو اولین فریضہ سمجھتے ہوئے اپنی عید دوسروں کے لیے قربان کر دی۔ ضلع چکوال میں ان عظیم لوگوں نے ثابت کیا کہ حقیقی قربانی صرف جانوروں کی نہیں بلکہ اپنے وقت، آرام اور خوشیوں کو دوسروں کی بھلائی کے لیے وقف کرنا بھی قربانی کی اعلیٰ مثال ہے۔
نوائے دھن میڈیا گروپ اور اردو ٹرن ڈیجیٹل میڈیا نیٹ ورک کی طرف سے تمام ذمہ داران، افسران اور عملے کو سلام پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی عید دوسروں کے لیے قربان کر کے عوامی خدمت کی اعلیٰ روایت کو زندہ رکھا۔



