چوریاں کر کے کروڑ پتی بننے والی گھریلو ملازمہ ایوارڈ یافتہ عمران خان کے ہاتھوں نکل آئی
ویب ڈیسک – | urduturn.com
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں گھریلو ملازمہ کی جانب سے کی گئی چوری کی واردات نے سب کو حیران کر دیا۔ گرفتار خاتون کا نام مہرین بتایا جا رہا ہے، جو نہ صرف مختلف مقدمات میں ملوث رہی بلکہ ایوارڈ یافتہ بھی ہے۔
پولیس کے مطابق، مہرین کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ لاہور میں بھی متعدد وارداتوں میں مطلوب رہ چکی ہے۔ دسمبر 2024 میں ڈیفنس میں ایک شہری نے شکایت درج کروائی تھی کہ ملازمہ نے چائے میں نشہ آور دوا ملا کر گھر والوں کو بے ہوش کیا اور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات و نقدی لے کر فرار ہو گئی۔
واردات کے نتیجے میں اہل خانہ کو تقریباً 65 لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ بعد ازاں مہرین کو فیروز آباد پولیس نے ایک اور کیس میں گرفتار کیا، جہاں ڈیفنس کے متاثرہ افراد نے اسے پہچان لیا۔
مزید انکشافات میں یہ بات سامنے آئی کہ مہرین ماضی میں اسلام آباد کی جیل میں قید رہ چکی ہے، جہاں قیدیوں کے ہنر مندی پروگرام میں بہترین کارکردگی پر اسے ایک خصوصی ایوارڈ دیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ ایوارڈ مبینہ طور پر سابق وزیرِاعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی جانب سے دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف دیگر علاقوں جیسے کلفٹن اور گذری میں بھی چوری کے مقدمات درج ہیں، جن میں کروڑوں روپے کا نقصان رپورٹ ہو چکا ہے۔ تفتیشی عمل جاری ہے اور امکان ہے کہ مہرین سے مزید وارداتوں اور نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات سامنے آئیں گی۔