قرآن سے محبت کی روشن مثال، تترال کے نوجوان نے ہاتھ سے کلام الٰہی لکھ دیا

Urdu Turn News
اردو ٹرن ڈیجیٹل میڈیا نیٹ ورک
قرآن سے محبت کی روشن مثال، تترال کے نوجوان نے ہاتھ سے کلام الٰہی لکھ دیا

چکوال (نمائندہ اردو ٹرن)

چکوال کے موضع تترال سے تعلق رکھنے والے اطہر محمود راجہ نے کلامِ الٰہی کو اپنے ہاتھ سے لکھ کر عشقِ نبی ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کر دیا۔ اطہر محمود راجہ نے 1683 صفحات پر مشتمل قرآنِ پاک کو دو جلدوں کی صورت میں نہایت خوبصورتی اور عقیدت سے تحریر کیا، جس کی تکمیل میں انہیں ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ لگا۔ اطہر محمود راجہ کا کہنا ہے کہ یہ سعادت انہیں اللہ تعالیٰ کی خاص توفیق سے نصیب ہوئی۔ ان کے مطابق اللہ پاک نے ان کے دل میں یہ بات ڈالی کہ وہ قرآنِ مجید کو اپنے ہاتھ سے لکھیں، جس کے بعد انہوں نے مکمل یکسوئی، ادب اور عشقِ رسول ﷺ کے جذبے کے ساتھ اس مقدس فریضے کا آغاز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآنِ پاک اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جو ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ پر نازل ہوا، اسی عقیدت اور محبت کے جذبے کے تحت انہوں نے اس عظیم ذمہ داری کو قبول کیا۔ اطہر محمود راجہ نے اپنی دلی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جب انہیں عمرہ کی سعادت حاصل ہو تو وہ یہ ہاتھ سے لکھا ہوا قرآنِ پاک مسجدِ نبوی ﷺ میں رکھیں، تاکہ یہ مقدس تحفہ اپنی اصل اور مقدس جگہ تک پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں اس قرآنِ پاک کی تلاوت ہوگی تو اس کا اجر و ثواب کئی گنا بڑھ جائے گا، جو ان کے لیے باعثِ فخر اور باعثِ سعادت ہوگا۔ اہلِ علاقہ اور دینی حلقوں کی جانب سے اطہر محمود راجہ کے اس عظیم کارنامے کو سراہا جا رہا ہے اور اسے قرآنِ پاک سے محبت، عقیدت اور خلوص کی روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *