لاہور میں ایک حیران کن اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں ایک ذہنی مریض سرکاری ہسپتال سے ایمبولینس لے کر فرار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق مریض نہ صرف ایمبولینس چلانے میں کامیاب رہا بلکہ وہ سیدھا شاہدرہ کے ایک ہسپتال پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق، مذکورہ مریض ہسپتال پہنچنے کے بعد سیدھا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے دفتر میں داخل ہوا اور وہاں موجود عملے کو خود کو ایم ایس ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہاں چارج سنبھالنے آیا ہے۔ اس دوران اس نے عملے کے ساتھ نامناسب رویہ بھی اختیار کیا جس سے ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ ذہنی ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر کال کی۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مریض کی نقل و حرکت کو ٹریک کیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کا سراغ شاہدرہ ہسپتال میں ملا۔
بعد ازاں مقامی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مریض کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے واپس متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ سیکیورٹی میں موجود خامیوں کا جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

