چکوال الیکٹرک بسوں کا متوقع روٹ پلان سامنے آ گیا ۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف منگل کو چکوال کا دورہ کریں گی

مریم نواز شریف چکوال دورہ

چکوال: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف منگل 30 ستمبر کو چکوال کا دورہ کریں گی، جہاں وہ مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گی اور یونیورسٹی آف چکوال میں ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ بھی تقسیم کریں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے دورے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

دورے کے دوران وزیرِ اعلیٰ سینٹر آف ایکسیلینس چکوال کا افتتاح کریں گی اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا معائنہ بھی متوقع ہے تاکہ مریضوں کے علاج معالجے اور سہولیات کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف چکوال الیکٹرک بس سروس کا افتتاح بھی کریں گی۔ پہلے مرحلے میں 15 جدید الیکٹرک بسیں فراہم کی گئی ہیں، جنہیں مختلف روٹس پر چلایا جائے گا تاکہ شہریوں کو آرام دہ، سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ مہیا کی جا سکے۔

الیکٹرک بسوں کے روٹس (چکوال سے مختلف مقامات کے لیے)

  • چکوال سے ڈھڈیال
  • چکوال سے بلکسر
  • چکوال سے نیلہ دولہہ
  • چکوال سے جھاٹلہ جسوال
  • چکوال سے ملہال مغلاں
  • چکوال سے بھون

انتظامیہ کے مطابق چونکہ الیکٹرک بسیں پہاڑی راستوں کے لیے موزوں نہیں ہیں، اس لیے فی الحال کلرکہار اور چوآ سیدن شاہ کے علاقوں میں یہ سروس شروع نہیں کی جا رہی۔ تاہم، تلہ گنگ کے شہریوں کے لیے بھی 15 الیکٹرک بسوں کا الگ بیڑا مختص کیا گیا ہے۔

ضلعی افسران کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کے دورے کا باضابطہ شیڈول بھجوا دیا گیا ہے، لیکن امکان ہے کہ مریم نواز شریف اپنے پروگرام سے ہٹ کر کسی بھی سرکاری ادارے کا اچانک دورہ بھی کر سکتی ہیں۔

سیاسی و عوامی حلقے وزیرِ اعلیٰ کے دورے کو چکوال اور تلہ گنگ کے لیے تعلیمی، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبریں دیکھنے کے لیے وزٹ کریں: www.urduturn.com

Follow the Urdu Turn channel on WhatsApp

ہمیں سوشل میڈیا پر فالو کریں:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *