چکوال پریس کلب میں معمولی نوعیت کی آگ، بروقت کارروائی سے بڑا نقصان ٹل گیا
چکوال — 3 جون کی دوپہر چکوال پریس کلب اس وقت ایک ہلکے درجے کے ہنگامی واقعے سے دوچار ہوا جب عمارت کے اندر شارٹ سرکٹ کے باعث معمولی نوعیت کی آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صحافی معمول کے مطابق اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق، اچانک ایک کونے سے دھواں اٹھنے لگا، جس پر وہاں موجود سینئر صحافی ذوالفقار میر، خواجہ بابر سلیم، راجہ افتخار، شیخ احسان اسلم اور اسد ظریف نے فوراً صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے امدادی اداروں کو اطلاع دی۔
ریسکیو 1122 اور سول ڈیفینس کی ٹیمیں چند ہی منٹوں میں موقع پر پہنچ گئیں اور مہارت سے آگ پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور پریس کلب کی عمارت کو بھی زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔
پریس کلب چکوال کے جنرل سیکریٹری ذوالفقار میر نے ریسکیو ٹیموں اور سول ڈیفینس کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا: “ایسی ناگہانی آفات بعض اوقات ہمارے ریسکیو اداروں کی صلاحیتوں اور تیاری کا عملی امتحان بھی ہوتی ہیں، اور آج ہماری ٹیموں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند منٹوں میں صورت حال پر قابو پایا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پریس کلب جیسے ادارے میں فائر سیفٹی کے اقدامات کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ آئندہ ایسی کسی صورتحال سے بچا جا سکے۔
واقعے کے بعد صحافی برادری نے بھی اظہارِ اطمینان کیا کہ ایک ممکنہ بڑی تباہی ریسکیو ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت اور صحافیوں کی حاضر دماغی سے ٹل گئی۔